انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم مقرر، صدر مملکت نے سمری منظور کر لی

اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے سمری پر دستخط کیے جانے کے بعد انوار الحق کاکڑ نگران وزیراعظم بن گئے۔اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنائے جانے کی تصدیق کی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اور اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کے درمیان وزیراعظم ہاؤس میں آج نگران وزیراعظم کے حوالے سے مشاورت کی گئی جس کے بعد شہباز شریف لاہور روانہ ہو گئے۔
وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض نے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنائے جانے کی تصدیق کی۔راجہ ریاض کا کہنا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے درمیان انوار الحق کاکڑ کو نگران وزیراعظم بنانے پر اتفاق ہوگیا ہے اور وزیراعظم نے اس فیصلے پر دستخط بھی کردئیے ہیں۔
ترجمان ایوان صدر کا کہنا ہے کہ صدر مملکت عارف علوی نے نگران وزیراعظم کے لیے بھیجی گئی سمری پر دستخط کردئیے ہیں۔ترجمان کے مطابق صدر مملکت نے انوارالحق کاکڑ کی بطور نگران وزیراعظم تعیناتی کی منظوری آئین کےآرٹیکل 224 ایک اےکے تحت دی ہے۔
دوسری جانب ترجمان وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نگران وزیراعظم کے لیے سینیٹر انوار الحق کاکڑ کے نام پر اتفاق کر لیا گیا ہے۔ترجمان وزیراعظم آفس نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے قائد حزب اختلاف کا مشاورتی عمل میں تعاون پر شکریہ ادا کیا ہے اور وزیراعظم نے 16ماہ میں بطور بہترین حزب اختلاف کی قیادت پر بھی شکریہ ادا کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں