بجلی قیمتیں کم کرنے کے عملی کام کا آغاز ہوگیا: خرم دستگیر

اسلام آباد:وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا ہے کہ بجلی قیمتیں کم کرنے کے عملی کام کا آغاز ہوگیا ہے، داخلی وسائل پر انحصار کر کے مختلف ذرائع سے بجلی پیدا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر توانائی خرم دستگیر نے کہا کہ ملک میں بجلی کے کارخانے ہمارے ملکی وسائل پر لگائے جائیں گے اور بجلی بنانے کے لئے درآمد شدہ ایندھن بہت مہنگا پڑتا ہے، بجلی کی قیمتیں کم کرنے کے عملی کام کا آغاز ہوچکا ہے اور 600 میگاواٹ بجلی پیداوار کے لئے بولی دے رہے ہیں۔
خرم دستگیر نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں کا تعین شفاف طریقے سے کیا جائے گا، خلیج فارس بجلی سیکٹر میں دلچسپی لے رہا ہے اور شمسی توانائی سے ماحولیاتی آلودگی میں کمی ہو گی جبکہ شمسی توانائی کے پہلے منصوبے پر سرمایہ کاروں کو دعوت دی ہے، سرمایہ کاروں کو شمسی توانائی کے پہلے منصوبے پر بریفنگ دیں گے اور شمسی توانائی سے 60 فیصد سستی بجلی بنائی جا سکتی ہے۔ خزانے پر سبسڈی کا بوجھ کم کیاجائے گا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ 6 ہزار میگاواٹ امپورٹڈ فیول کا متبادل دے رہے ہیں اور آنے والے سالوں میں 11 ہزار میگاواٹ سسٹم لگانے کا منصوبہ ہے، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بجلی بحالی کا کام جاری ہے ان کی تکلیف کم کرنے کیلئے عملی اقدامات جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں