بجلی کے بھاری بلوں کا معاملہ : نگراں وزیراعظم نے ہنگامی اجلاس طلب کرلیا

اسلام آباد: نگراں وزیراعظم نے عوام کے سخت ردعمل کے سبب بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر کل وزیراعظم ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب کرلیا ۔
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پرایک بیان میں کہا کہ بجلی کے بھاری بلوں کے معاملے پر کل وزیراعظم ہاؤس میں ہنگامی اجلاس طلب کیا ہے، جس میں وزارتِ بجلی اور تقسیم کار کمپنیوں سے بریفنگ لی جائے گی۔
نگراں وزیراعظم نے کہا کہ صارفین کو بجلی کے بِلوں سے متعلق زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے پر مشاورت کی جائے گی۔
واضح رہے کہ بجلی کے بلوں میں اضافے پر ملک بھر میں عوام سراپا احتجاج ہے ، اس حوالے سے کراچی راولپنڈی، ملتان، گوجرانولہ اور پشاور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں مظاہرے بھی کیے گئے ہیں۔
شہریوں کاکہنا ہے کہ مہنگائی کے اس دور میں بجلی کے اضافی بل عوام کی برداشت سے باہر ہوگئے، غریب عوام دو وقت کی روٹی پوری کریں یا بجلی کے بھاری بل جمع کرائے ، شہریوں نے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی کی جائے اور ٹیکس بھی ختم کیا جائے ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں