لاہور: روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں تیزی کا سلسلہ برقرار ہے، جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں تیزی ریکارڈ کی گئی۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے آخری کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مزید دو روپیہ 76 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
اعداد و شمار کے مطابق انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت 225 روپے 42 پیسے سے بڑھ کر 228 روپے 18 پیسے ہو گئی ہے۔
واضح رہے کہ 16 اگست سے انٹربینک میں ڈالر 15 روپے تک مہنگا ہو چکا ہے۔
عالمی مالیاتی ادارے ( آئی ایم ایف) کی جانب سے قرض کی قسط موصول ہونے کے باوجود روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں اضافہ کا تسلسل برقرار ہے۔
معاشی ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں کمی کی بنیادی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں ڈالر کے انڈیکس میں اضافہ اور مضبوطی ہے۔ ہمارا کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ قابو میں ہے، آنے والے دنوں میں روپے کی قدر میں اضافہ ہو گا۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 139.55 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 41964.34 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا، پورے کاروباری روز کےدوران کاروبار میں 0.33 فیصد کی بہتری دیکھی گئی۔