پشاور ہائیکورٹ، عمران خان کی راہداری ضمانت 25 جون تک منظور

پشاور: پشاور ہائیکورٹ نے عمران خان کی راہداری ضمانت 25 جون تک منظور کر لی، سابق وزیراعظم کو 50 ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا گیا ہے۔
درخواست پر چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ قیصر رشید نے سماعت کی۔ عمران خان کی جانب سے کیس کی پیروی بابر اعوان نے کی، انہوں نے عدالت کو آگاہ کیا کہ عمران خان کے خلاف 14 ایف آئی آرز درج کی گئی ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ 3 ہفتے کی ضمانت منظور کرتے ہیں، 23 جون تک ضمانتوں پر عملدرآمد ہو گا۔ فاضل عدالت نے عمران خان کو ہدایت کی کہ عدالتی احاطے میں کوئی خطاب نہ کریں۔ عمران خان نے عدالت کو یقین دلایا کہ وہ احکامات پر عمل درآمد کریں گے۔ اس موقع پر چیئرمین تحریک انصاف کے ساتھ دیگر پارٹی رہنما بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔

قبل ازیں عمران خان کی آمد پر سکیورٹی عملے کی جانب سے عدالت کا دروازہ بند کردیا گیا اور میڈیا نمائندوں کو عدالت میں داخلے سے روک دیا گیا۔

واضح رہے کہ ضمانت کی درخواست چیئرمین تحریک انصاف کی جانب سے آج صبح دائر کی گئی۔ عمران خان نے 25 مئی کے لانگ مارچ کے دوران درج مقدمات میں ضمانت کیلئے عدالت سے رجوع کیا۔ سابق وزیراعظم کے خلاف سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور کارسرکار میں مداخلت سمیت دفعات پر مشتمل 14 ایف آئی آرز درج کی گئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں