پی آئی اے نے پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں اضافہ کردیا

اسلام آباد: قومی ائیر لائن ( پی آئی اے) انتظامیہ نے پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں 35 فیصد تک اضافہ کردیا۔قومی ایئر لائن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کےمطابق فلائنگ الاؤنس کے حصول کے لیے کم از کم 50 گھنٹے طیارہ اڑانا لازمی قرار دیا گیا ہے اور 10 سال کی سروس پر پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں 35 فیصد اضافہ ہوگا۔
نوٹیفکیشن کےمطابق 20 سال سروس والے کے پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں 30 فیصد اضافہ ہوگا جبکہ 30 سال تک سروس کرنے والے پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں 25 فیصد اضافہ ہوگا، 30 سال سے زیادہ سروس دینے والے پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں 20 فیصد تک اضافہ ہوگا۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ڈیوٹی سے انکار اور بغیر وجہ کی چھٹی کرنے والے پائلٹس کو فلائنگ الاؤنس نہیں ملے گا، 60 گھنٹے فلائنگ پر پی آئی اے کے پائلٹس کو 150 فیصد فی گھنٹے کے حساب سے الاؤنس ملے گا جبکہ 70 گھنٹے فلائنگ کرنے والے پائلٹس کو فی گھنٹہ 200 فیصد کے حساب سے فلائنگ الاونس ملے گا۔
اس کے علاوہ 71 گھنٹے یا اس سے زائد جہاز اڑانے پر 250 فیصد فی گھنٹہ کے حساب سے فلائنگ الاؤنس دیا جائے گا، پائلٹس کے لیے ڈومیسٹک پروازوں پر فلائنگ الاؤنس 250 روپے فی گھنٹہ سے بڑھا کر 750 روپے کردیا گیا ہے جبکہ بین الاقوامی فلائٹس پر پائلٹس کا فی گھنٹہ الاؤنس 5 ڈالر سے بڑھا کر 10 ڈالر کردیا گیا ہے۔ پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں اضافے کی منظوری پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے انتظامیہ کی سفارش پر دی ہے جس کے تحت پائلٹس کے فلائنگ الاؤنس میں اضافہ یکم جون سے نافذالعمل ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں