چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ کیس کا مکمل ریکارڈ طلب

اسلام آباد: اسلام آباد ہائی کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف توشہ خانہ کیس کا مکمل ریکارڈ طلب کر لیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں سزا کے خلاف اپیل پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے حکم نامہ جاری کیا۔
عدالت نے فریقین کو سزا کے خلاف اپیل اور سزا معطلی درخواست پر نوٹس جاری کیے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی اپیل ٹرائل کورٹ کے 5 اگست کے فیصلے کے خلاف ہے، ان کے خلاف الیکشن کمیشن کی شکایت پر ٹرائل چلایا گیا۔
عدالتی حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانےکی سزا سنائی، فریقین کو نوٹس جاری کیے جائیں اور کیس کا ریکارڈ بھی منگوایا جائے۔
عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی کی درخواست جلد مقرر کرنے کی ہدایت کر دی۔
واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں سزا معطل کر کے ضمانت پر رہائی کی استدعا کر رکھی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں