کراچی ٹیسٹ: نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 418 رنز بنا لیے

کراچی: پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے دوسرے میچ کی پہلی اننگز میں کیویز نے شاہینوں کے خلاف 9 وکٹوں کے نقصان پر 418 رنز بنا لیے۔نیوزی لینڈ نے میچ کے دوسرے روز اپنی بقیہ اننگز 309 رنز 6 وکٹوں پر شروع کی لیکن اش سودھی 11 رنز پر نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے، ٹام بلنڈل 51 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ٹم ساؤتھی 10 رنز بنا کر واپس پویلین چلتے بنے۔
کراچی ٹیسٹ کے پہلے روز دوسرے سیشن میں اوپنر ڈیون کانوے نے سنچری مکمل کی لیکن چائے کے وقفے کے بعد ڈیون کانوے 122 رنز کی اننگز کھیل کر سلمان آغا کی گیند پر کیچ تھما بیٹھے، کین ولیمسن 36 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے جبکہ ڈیرل مچل 3 رنز بنا کر سلمان آغا کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ہینری نکولس 26 رنز اور اور مائیکل بریسویل صفر پر پویلین لوٹ گئے، پہلے روز کھیل کے اختتام پر ٹام بلنڈل 30 اور اش سودھی 11 رنز پر وکٹ پر موجود تھے۔پہلے سیشن میں کیوی ٹیم کے اوپنرز نے 119 رنز بنائے تھے تاہم کھانے کے وقفے کے بعد ٹام لیتھم 71 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہو گئے۔
کھانے کے وقفے سے قبل پاکستان نے اپنے تمام پانچ باؤلرز کو آزمایہ تھا تاہم کوئی بھی باؤلر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا تھا۔نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا، قومی ٹیم نے محمد وسیم اور اسپنر نعمان علی کی جگہ فاسٹ بولر حسن علی اور نسیم شاہ کو شامل کیا جبکہ مہمان ٹیم نے فاسٹ بولر نیل واگنر کی جگہ میٹ ہینری کو ٹیم کا حصہ بنایا۔واضح رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ ڈرا ہوگیا تھا، سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے، نیشنل سٹیڈیم میں دوسرا ٹیسٹ دیکھنے کے لیے تماشائیوں کا داخلہ مفت ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں