اسلام آباد: شیری رحمان نے کہا ہے کہ کیا عمران خان اب امریکی انتظامیہ کو غلطی درست کرنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں ؟ آہستہ آہستہ تحریک انصاف کا ‘صاف چلی شفاف چلی’ بیانیہ بھی بے نقاب ہو رہا ہے۔نائب صدر پیپلز پارٹی و سینیٹر شیری رحمان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ایک دن امریکی وفد نے عمران خان سے ملاقات کی، دوسرے دن سابق وزیر نے کہا کہ ایسٹبلشمنٹ سے خراب تعلقات کی وجہ سے حکومت سے باہر ہیں، ان دو واقعات نے جھوٹ پر مبنی بیرونی سازش کے بیانیہ کو دفن کر دیا ہے۔
شیری رحمان کا کہنا تھا کہ توشا خانہ کے بعد اب ہیلی کاپٹر اسکینڈل سامنا آیا ہے، کفایت شعاری کا نعرہ لگا کر قومی خزانے کو بے دردی سے لوٹا گیا، بنی گالا سے ایوان وزیراعظم کے ہوائی سفر پر عمران خان نے 98 کروڑ روپے خرچ کئے، اقتدار کے نشے میں یہ لوگ کہتے تھے ہیلی کاپٹر کا خرچ 50 سے 55 روپے فی کلومیٹر ہے، دوسری طرف عمران خان کا یومیہ ہیلی کاپٹر کا خرچہ 8 لاکھ روپے سے زائد تھا۔رہنما پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ کفایت شعاری کی تبلیغ کرنے والا شخص بنی گالا اور وزیراعظم ہائوس ہیلی کاپٹر پر آتا جاتا رہا، کنٹینر پر کھڑے ہو کر عمران خان مغربی ممالک کے رہنمائوں کی سائیکل پر آفس جانے کی مثالیں دیتے تھے،عمران خان کے ووٹر پونے تین سال انتظار کرتے رہے کہ ان کا لیڈر بھی سائیکل پر بنی گالا سے وزیراعظم ہاؤس جائے گا، عوام کے ٹیکس کے پیسوں ہیلی کاپٹر کے سفر میں اڑایا گیا۔
Load/Hide Comments